معروف افسانہ نگار، فلم ڈاریکٹر حسن عسکری کی کہانی۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور فلمساز اور ہدایت کار حسن عسکری کی آج تیسری برسی ہے۔
پاکستانی فلمی صنعت کے ممتاز فلمساز، مصنف اور ہدایت کار محمد حسن عسکری 30 اکتوبر 2023ء کو لاہور میں 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی پیدائش تقریباً 1945ء میں ہوئی تھی۔
ہدایتکار حسن عسکری نے “مولاجٹ” کا کردار اور “گنڈاسا کلچر” متعارف کروایا تھا۔۔
آغا حسن عسکری
آج آغا حسن عسکری ہم میں نہیں رہے اللہ پاک انکے درجات بلند فرماۓ اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرماۓ آمین
حسن عسکری پاکستان کے اعلی تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ہدایتکار تھے منفرد انداز اپناۓ اعلی پاۓ کی فلم میکنگ حسن عسکری کا خاصہ تھا سلاخیں طوفان قانون میلہ دوریاں مفرور جنت کی تلاش تیرے پیار میں کوئی کیسے بھول سکتا
ہدایتکار حسن عسکری ایکشن پنجابی فلموں کےمشہورزمانہ کردار “مولاجٹ” کو اپنے کرخت اور وحشت ناک حلیے اور سفاک “گنڈاسے” کے ساتھ پہلی بار فلم وحشی جٹ (1975) میں متعارف کروایا گیا تھا۔۔!
عام طور پر بہت سے لوگ ایسی پرتشدد فلموں کا نام سن کر بدکتے ہیں اور ناک بھوں چڑھانے لگتے ہیں۔ انھیں کسی جاہل ، اجڈ اور غیرمہذب شخص کی کارستانی سمجھا جاتا ہے۔ لیکن بیشتر فلم بینوں کے لیے یقین کرنا مشکل ہوگا کہ ان پرتشدد فلموں کا آئیڈیا ، اردو ادب کے ایک بہت بڑے اور محترم نام جناب احمدندیم قاسمی کے ایک افسانے سے ملا تھا اور اسے فلمی شکل دینے کا “کارنامہ” سر انجام دینے والے ہدایتکار حسن عسکری تھے جو خود ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ ، مہذب اور انتہائی سلجھے ہوئے فنکار تھے اور جن کے کریڈٹ پر سلاخیں (1977) ، دوریاں (1984) اور تیرے پیار میں (2000) جیسی شاہکار فلمیں بھی تھیں۔ وہ عرصہ پانچ سال تک یونیورسٹی میں فنون لطیفہ پڑھاتے رہے تھے اور افسانہ نگاری سے بھی گہری دلچسپی رکھتے تھے۔
حسن عسکری ، کیفی کے معاون
کالج کے زمانے سے ہی انھیں فلمی دنیا سے گہری دلچسپی تھی۔ اس دوران متعدد فلم کمپنیوں کی بلا معاوضہ خدمات بھی سر انجام دیں۔ ماسٹرز کی ڈگری لے رہے تھے کہ اس دوران ان کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی اور ایک فلم کے معاون ہدایتکار بننے کا موقع ملا۔ ہدایتکار کیفی اپنی دوسری فلم چن مکھناں (1968) بنارہے تھے اور انھیں کوئی اسسٹنٹ نہیں مل رہا تھا۔ حسن عسکری نے موقع غنیمت جانا اور اپنی خدمات پیش کردیں۔
اس کامیاب فلم کی تکمیل کے دوران انھیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ، خاص طور پر لالہ سدھیر نے خوب رہنمائی کی تھی جو ان کے بڑے کام آئی۔ کیفی صاحب نے جب اپنی اگلی فلم سجن پیارا (1968) میں خود کو ہیرو کے طور پر پیش کیا تو حسن عسکری کی ذمہ داریاں دوچند ہوگئی تھیں ، یہ فلم بھی سپرہٹ رہی تھی۔ ہدایتکار وحیدڈار کی مشہورزمانہ فلم ماں پتر (1970) میں بھی حسن عسکری کانام معاون ہدایتکار کے طور پر موجود تھا۔ ہدایتکار عبید قادری کی فلم میرا بابل (1972) کی شوٹنگ کے دوران بطور مکمل ہدایتکار انھیں اپنی پہلی فلم مل گئی تھی۔
حسن عسکری کی پہلی فلم
خون پسینہ (1972)
ہدایتکار حسن عسکری کی پہلی فلم خون پسینہ (1972) ایک انتہائی بامقصد اور شاہکار فلم تھی جس میں غریب کسانوں کےروایتی استحصال کی منظرکشی کی گئی تھی۔ مرکزی کردار پاکستان کے پہلے سپرسٹار ہیرو سدھیر نے کیا تھا اور کیا خوب کیا تھا۔ ساتھی اداکاروں میں رخسانہ ، اجمل اور طالش کی کردارنگاری متاثرکن تھی۔ فردوس ،محض خانہ پری کے لیے تھی۔ ولن کے کرداروں میں مظہرشاہ کے علاوہ سلطان راہی بھی تھے جنھوں نے اس خوف سے پہلے یہ کہہ کر اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا کہ کہیں عسکری صاحب ، اپنی پہلی فلم میں میرے کیرئر کو تباہ ہی نہ کردیں لیکن سدھیر کے کہنے پر کام کرنے کی حامی بھرلی تھی اور ایک بھرپور ولن کا رول کیا تھا۔
فلم خون پسینہ (1972) کی انتہائی بامقصد کہانی اور جاندار مکالمے حزیں قادری جیسے نابغہ روزگار فنکار کے لکھے ہوئے تھے جن کا لکھا ہوا ایک متاثرکن گیت رونا لیلیٰ کی پرسوز آواز میں سننے کو ملتا ہے “اک بہن دی دعا ، شالا سن لے خدا۔۔” ، بابا چشتی کی دھن تھی۔
یہی اکلوتی پنجابی فلم تھی جس میں اردو فلموں کے ممتاز گلوکار احمدرشدی نے چند بول اونچی سروں میں گانے کی کوشش کی تھی “جناں چر دھرتی تھلے اسمان اے ، ایناں چر رکنے نئیں ہل کسان دے۔۔” یہ بول سدھیر پر فلمائے گئے تھے۔
ملکہ ترنم نورجہاں کے بغیر پنجابی فلم
لطف کی بات ہے کہ پنجابی فلموں کے عروج کے اس دور میں یہ ان گنی چنی فلموں میں سے ایک ہے جس میں میڈم نورجہاں کا کوئی گیت نہیں تھا۔ اسکی وجہ فردوس تھی جس پر میڈم کا کوئی گیت فلمانے کی اجازت نہیں تھی کیونکہ اس کا اس وقت میڈم کے شوہرنامدار اعجاز کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ عسکری صاحب اور دیگر ساتھی فنکار بھی فردوس کے طرزعمل سے بڑے تنگ آئے ہوئے تھے کیونکہ وہ وقت پر شوٹنگ پر نہیں آتی تھی۔
سلطان راہی ، بطور ہیرو
فلم سر دھڑ دی بازی (1972)
حسن عسکری نے اپنی دوسری فلم سردھڑ دی بازی (1972) میں سلطان راہی کو مرکزی کردار میں پیش کیا تھا۔ گو اس فلم میں اقبال حسن ، فرسٹ اور شاہد ، سیکنڈہیرو تھے لیکن تھرڈ ہیرو ہوکر بھی سلطان راہی پوری فلم پر چھائے ہوئے تھے۔
اداکار ساون اس وقت بام عروج پر تھے لیکن سلطان راہی سے خاصے بدظن اور حسن عسکری پر خفا رہتے تھے کہ ان کے مقابلے میں سلطان راہی کو اہم رول کیوں مل رہا ہے۔
فلم بشیرا (1972) کی تکمیل کے دوران ہی بہت سے فلمسازوں نے سلطان راہی کی کارکردگی سے متاثر ہوکر انھیں اپنی فلموں میں دھڑا دھڑ کاسٹ کرنا شروع کردیا تھا جن میں سے تین فلمیں حسن عسکری کی بھی تھیں۔
اس فلم میں سلطان راہی کی جوڑی اداکارہ ناہید کے ساتھ تھی جس پر ملکہ ترنم نورجہاں کا یہ سپرہٹ گیت فلمایا گیا تھا “اے ویلا دکھ سکھ پھولن دا ، کیوں جی نہیں کردا ڈھولن دا۔۔”
حسن عسکری اور مسعودرانا کا ساتھ
اسی فلم میں سلطان راہی پر نشے کی حالت میں مسعودرانا کا گایا ہوا یہ انتہائی اعلیٰ پائے کا ایک بامقصد گیت بھی فلمایا گیا تھا جوایک غریب مزدور کا سرمایہ داروں کے ظلم و ناانصافی کے خلاف احتجاج تھا۔ خاص طور پر یہ جملہ “بڑی کیتی جے ، بڑی ہوئی اے ، جان دیو ، ہن جان دیو۔۔” یعنی “آپ نے بہت کچھ کیا ، ہمارے ساتھ بہت کچھ ہوا ، اب جانے بھی دو۔۔” صرف یہ ایک جملہ پاکستان کی پوری تاریخ بیان کررہا ہے۔
پہلی دو کامیاب فلموں کے بعد حسن عسکری کی اگلی دونوں فلمیں ہیرا (1972) اور غیرت دا نشان (1973) ناکام رہیں جس سے ان کی مصروفیات میں خاصا فرق پڑا تھا اور انھیں فلمیں ملنا بند ہوگئی تھیں۔ اس آخری فلم میں ایک گمنام گلوکار حمیرا نے ایک سپرہٹ گیت گایا تھا “نہ میں چاندی دے ، نہ سونے دے ، نہ پیتل بھری پرات ، مینوں دھرتی کلی کرادے ، میں نچاں ساری رات۔۔”
جب جٹ وحشی ہوا ۔۔!
وحشی جٹ (1975)
احمد ندیم قاسمی ، ایک نامور ادیب ، شاعر اور صحافی تھے اور روزنامہ امروز کے ایڈیٹر رہے تھے۔ نوے سال کی طویل عمر پائی تھی۔ انھوں نے متعدد فلموں کے مکالمے اور ایک فلم کا ایک گیت بھی لکھا تھا۔ فلم وحشی جٹ (1975) ان کے ایک افسانہ “گنڈاسا” سے ماخوذ تھی جس کا مرکزی کردار “مولا بخش” تھا جو ذات کا “جٹ” تھا اور اس کا ہتھیار ایک لٹھ یا ڈانگ پر لگا ہوا ایک ٹوکا تھا جو اسے “گنڈاسا” بنادیتا ہے۔ وہ ، اپنے باپ کے قتل کا بدلہ اپنے مخصوص ہتھیار “گنڈاسے” سے لیتا ہے۔ مرکزی خیال ہمارے معاشرے میں بلا وجہ کی خونریزی ، دنگا فساد اور نسل در نسل دشمنیاں ہیں جو ایک معاشرتی حقیقت ہیں۔
حسن عسکری کی پانچویں فلم وحشی جٹ (1975) ایک ٹرینڈ میکر فلم ثابت ہوئی تھی جس نے پنجابی فلموں کا سٹائل ہی بدل کررکھ دیا تھا۔ “جٹ” برانڈ پرتشدد فلمیں ایک طویل مدت تک باکس آفس پر کامیابی کا نسخہ کیمیا ثابت ہوئیں۔
لفظ “جٹ’ ، اس سے قبل دس پنجابی فلموں میں استعمال ہوا تھا لیکن ان میں سے کوئی ایک بھی پرتشدد فلم نہیں تھی بلکہ معاشرتی ، سماجی اور اصلاحی فلمیں ہوا کرتی تھیں۔ مرزاجٹ (1967) جیسی لاجواب رومانٹک اور نغماتی فلم ایک بہت بڑی مثال تھی جو پنجابی فلموں کی کلاسک جوڑی فردوس اور اعجاز کی پہلی سپرہٹ فلم تھی اور کسی طور پر فلم ہیررانجھا (1970) کے معیار سے کم نہیں تھی۔ “جٹ” پر پہلی فلم جٹی (1958) بنی تھی جو جٹ برادری کے احتجاج پر “چٹی” کے نام سے ریلیز ہوئی تھی لیکن ریکارڈز بکس میں اصل نام سے موجود رہی۔
حسن عسکری ، ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ ہدایتکار تھے جن کا مطالعہ بڑا وسیع تھا۔ ان کی خواہش تھی کہ اردو ادب کے شاہکار ناولوں اور افسانوں کو فلم کی شکل دی جائے۔ انھوں نے معروف ادیب ، شاعر اور صحافی احمدندیم قاسمی کے ایک افسانے “گنڈاسا” کو فلمانے کا فیصلہ کیا لیکن اپنے پاس اتنے وسائل نہیں تھے کہ اس خواب کی تکمیل کرپاتے۔
انھوں نے ایک فلمساز کو یہ کہانی سنائی تو اسے بہت پسند آئی۔ عسکری صاحب بتاتے ہیں کہ اگر صرف یہ بتاتا کہ ایک اردو افسانہ فلمانا ہے تو یقیناً انکار ہوجاتا لیکن صرف کہانی اور کردار سنانے پر فلمساز سرمایہ کاری پر رضامندہوگیا تھا۔
ناصر ادیب کا جھوٹا دعویٰ
معروف رائٹر ناصر ادیب کو احمدندیم قاسمی کے افسانہ “گنڈاسا” پر فلمی کہانی ، سکرین پلے اور مکالمے لکھنے کی ذمہ داری سوپنی گئی تھی۔ گو موصوف ، اپنے مختلف انٹرویوز میں یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ فلم وحشی جٹ (1975) کی کہانی ان کے اپنے ذہن کی اختراع تھی جس کا اس افسانے سے کوئی تعلق نہیں تھا اور اگر کچھ مطابقت تھی ، تو وہ محض اتفاقیہ تھی ، ان کی یہ بات درست نہیں ہے۔ “مولاجٹ” کے کردار کے علاوہ اس کا ہتھیار “گنڈاسا” اور کہانی کا پلاٹ کہ وہ اپنے باپ کے قتل کا بدلہ لیتا ہے ، یہ سب جناب احمدندیم قاسمی کے افسانہ “گنڈاسا” سے ماخوذ تھا جو فلم وحشی جٹ (1975) کی بنیادی کہانی تھی۔
قاسمی صاحب کے شاگرد معروف شاعر قتیل شفائی صاحب نے ناصر ادیب پر مقدمہ بھی کیا تھا کہ انھوں نے بلا اجازت قاسمی صاحب کی کہانی پر ہاتھ صاف کیا تھا لیکن بقول ناصر ادیب کے ، وہ قاسمی صاحب سے روبرو ملے اور انھوں نے کمال شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات آئی گئی کردی تھی۔
ان تمام حقائق کی روشی میں یہ بات طے ہے کہ “مولاجٹ ” کا کردار اور “گنڈاسا” ، جناب احمدندیم قاسمی کی تخلیق تھا اور انھیں فلموں میں متعارف کروانے کا سہرہ ہدایتکار حسن عسکری کے سر تھا۔
سلطان راہی ہی کو فلم وحشی جٹ (1975) کا ٹائٹل رول دیا گیا جنھوں نے اس فلم میں بلا معاوضہ کام کیا تھا۔ فلم بشیرا اور سلطان (1972) کے بعد ان کی بیشترفلمیں بری طرح سے ناکام ہوئی تھیں اور وہ تقریباً فارغ تھے۔
آسیہ نے مولاجٹ (1979) کی طرح اس فلم میں بھی مکھو جٹی کا رول کیا تھا اور اس پر فلمایا ہوا ایک گیت “ڈھول سجن نئیں ملدا۔۔” ، رونالیلیٰ کا پاکستانی فلموں کے لیے گایا ہوا آخری گیت بتایا جاتا ہے۔ اقبال حسن ، بالا گاڈی کے مشہور کردار میں تھے۔ غزالہ نے وہی رول کیا تھا جو فلم مولاجٹ (1979) میں اس کی اصل سوتن ، چکوری نے کیا تھا۔ اس کہانی کےمتعدد کرداروں اور مکالموں پر کئی ایک فلموں کے ٹائٹل بھی بنے۔
جب جٹ ، جٹ سے متاثر ہوا
پاکستان کی پنجابی فلموں میں “جٹ برانڈ” فلموں نے ہمارے پڑوسی ملک بھارت کی پنجابی فلموں کو بھی بڑا متاثر کیا تھا۔ 1983ء میں نامور بھارتی اداکار دھرمیندر نے “جٹ برانڈ” بھارتی پنجابی فلم “پت جٹاں دے” بنائی جو مکمل طور پر پاکستانی جٹ سیریز سے متاثر تھی۔ اس فلم میں انھوں نے اپنے ایک کزن وریندر کو متعارف کروایا تھا جو بھارتی پنجابی فلموں کا سلطان راہی ثابت ہوا تھا۔ قدرت کی ستم ظریفی دیکھئے کہ وریندر کو بھی ایک فلم کے سیٹ پر قتل کردیا گیا تھا اور اس کا قتل آج بھی ایک راز ہے۔ اگلی دو دھائیوں تک ہر دوسری بھارتی پنجابی فلم “جٹ برانڈ” ہوتی تھی اور اس طرح کے فلمی نام سننے میں آئے: یاری جٹ دی ، جٹ تے زمین ، جٹ دا گنداسا ، حکومت جٹ دی ، جوڑ جٹ دا ، وغیرہ وغیرہ۔۔
حسن عسکری کی دیگر پنجابی فلمیں
فلم طوفان (1976)
حسن عسکری کی بطور ہدایتکار 58 فلموں کا ریکارڈ ملتا ہے جن میں سے دو تہائی پنجابی فلمیں تھیں۔ ان کی آدھی فلمیں صرف سلطان راہی کے ساتھ تھیں۔
جب وحیدمراد نے حسن عسکری سے کام مانگا!
بڑے ہیروز میں انھوں نے وحیدمراد کو کبھی کسی فلم میں کاسٹ نہیں کیا تھا بلکہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران خود وحیدمراد نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے ان سے کام مانگا تھا۔ حسن عسکری بتاتے ہیں کہ انھیں یاد تھا کہ اپنے عروج کے دور میں وحیدمراد کسی کے سلام کا جواب تک دینا پسند نہیں کرتے تھے لیکن اس وقت وہ ایک بھولی ہوئی داستاں اور گزرا ہوا خیال بن چکے تھے۔ اللہ اکبر۔۔!
حسن عسکری کی فلم طوفان (1976) بھی ایک اعلیٰ پائے کی ایکشن فلم تھی جو تعلیم یافتہ طبقے کو بھی پسند آئی تھی جو عام طور پر ایسی فلموں سے دور بھاگتا ہے۔ اس فلم میں سلطان راہی نے ایک ریٹائرڈ فوجی کا رول کیا تھا جو لنگڑا کر چلتا ہے لیکن اپنے دشمنوں سے انتقام لیتا ہے۔
فلم قانون (1977) ،
بلاشبہ ایک معیاری فلم تھی
مفت بر (1981) ،
اس فلم میں سلطان راہی کو ایک سادہ لوح دیہاتی کے منفرد کردار میں دکھانا حسن عسکری کا ہی حوصلہ ہو سکتا ہے
میلہ (1986)
میلہ اپنی منفرد کہانی اور خاص طور پر انجمن کی بغیر میک اپ اعلی کردار نگاری کی بدولت ہمیشہ یاد رکھی جاۓ گی نامور لکھاری فاطمہ ثریا بجیا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میری فلم لائبریری صرف ایک فلم میلہ ہے
مفرور (1988) بھی اچھی فلم تھی ملٹی سٹار کاسٹ سے مزین شاہکار فلم ثابت ہوئی
چوہدرانی (1999)
فلم چوہدرانی سے انجمن کی دوبارہ فلم انڈسٹری میں واپسی ہوئی یہ فلم ضدی کا ریمیک تھی انجمن نے بہترین کردار نگاری کا مظاہرہ کرتے ہوۓ ثابت کیا کہ انجمن واقعی انجمن ہے
حسن عسکری کی فلم پتن (1992) میں بھی مسعودرانا ، منیر حسین اور ساتھیوں کی ایک قوالی بڑی متاثرکن تھی “میرے دکھڑے مکا دے ربا میریا ، جگا دے
ان کی دیگر اہم پنجابی فلموں میں جٹ دا کھڑاک (1979) ، قاتل (1988) ،پترجگے دا ،
فلم پترجگے دا (1990) میں میڈم نورجہاں کا یہ سپرہٹ گیت بھی تھا “تیرے نال میں لائیاں اکھیاں ، وے تو فیر وی دوریاں رکھیاں ، تو جت گیوں بے دردا میں تکڑی ہار گئی ، تیری بے پرواہی سجناں مینوں مار گئی۔۔”
شیردل (1990) ، گنڈاسا (1991) ، عبداللہ دی گریٹ (1992) ، اچھا شوکر والا (1992) ، آن (1993) ، اور اک جگا ہور (2001) بھی تھی جس میں انھوں نے ولن اداکار شفقت چیمہ کو ہیرو کے طور پر پیش کیا تھا۔
آخری پنجابی فلم بسنتی (2008)
حسن عسکری کی اردو فلمیں
فلم سلاخیں (1977)
ہدایتکار حسن عسکری کی مسلسل آٹھ پنجابی فلموں کے بعد پہلی اردو فلم سلاخیں (1977) تھی جو ایک شاہکار فلم ثابت ہوئی تھی۔ ایک فرانسیسی ادیب Victor Hugo کے 1862ء میں لکھے ہوئے ناول Les Misérables کا اردو ترجمہ “بدنصیب” کے نام سے قیام پاکستان سے قبل فیض احمد فیض نے کیا تھا اور اس کہانی پر بھارت میں بھی ایک فلم کندن (1955) بنائی گئی تھی۔ عسکری صاحب نے یہ ناول ردی میں خریدا تھا اور اس پر ایک یادگار فلم بنا ڈالی تھی۔ اس عظیم فلم میں بابرہ شریف اور محمدعلی نے بڑی عمدہ جذباتی اداکاری کی تھی اور ان کی کارکردگی کو بےحد سراہا گیا تھا۔
فلم سلاخیں (1977) میں مہدی حسن اور مہناز کا الگ الگ گایا ہوا گیت “تیرے میرے پیار کا ایسا ناطہ ہے ، دیکھ کے صورت تیری دل کو چین آتا ہے۔۔” فلم کی ہائی لائٹ تھا۔
جسے پڑوسی ملک بھارت نے بھی کاپی کیا
غلام محی الدین اور قوی روایتی ہیرو تھے۔
فلم دوریاں (1984)
حسن عسکری کی ایک سیاسی فلم
حسن عسکری کی دوسری یادگار اردو فلم دوریاں (1984) تھیں۔ بشیرنیاز کی لکھی ہوئی اس منفرد کہانی میں ایک جاگیردار اور سیاستدان ، طالش کے بیٹے محمدعلی ، گورنر کے عہدے پر فائز ہیں اور سیاسی مجبوریوں کی بنیاد پر شبنم سے اپنی خفیہ شادی کا اعلان نہیں کرتے۔ وہ بغاوت کرتی ہے اور ایک صحافی کے طور پر اپنے بیٹے فیصل کے ساتھ الگ رہتی ہے جو بڑا ہوکر اپنے باپ اور دادا سے اپنی ماں کا حق لیتا ہے۔
پوری فلم میں شبنم ، پینٹ شرٹ میں ملبوس بڑی پرکشش لگتی ہے۔ اس فلم میں اسوقت کی ڈسکو کوئین نازیہ حسن اور اس کے بھائی زوہیب حسن کا ایک دوگانا بھی فیصل اور آرزو پر فلمایا گیا تھا لیکن روبن گھوش کی موسیقی میں کوئی گیت مقبول نہیں ہوا تھا۔
جنت کی تلاش (1999)
تقسیم ہند اور قیام پاکستان کے بعد کے پس منظر میں اغا حسن عسکری کی ایک اور فلم جنت کی تلاش (1999) بھی بڑی متاثرکن فلم تھی جس میں شان کے علاوہ ریشم کی اداکاری پسند کی گئی تھی۔ اس فلم میں شہنشاہ غزل مہدی حسن کے صاحبزادے آصف مہدی کی گائی ہوئی ایک غزل بڑی پسند کی گئی تھی “سنا ہے لوگ اسے ، آنکھ بھر کے دیکھتے ہیں ، سوز کے شہر میں کچھ دن ٹھہر کے دیکھتے ہیں۔۔”
بدقسمتی سے آصف مہدی کسی بڑی کامیابی سے محروم رہے تھے حالانکہ وہ اپنے عظیم باپ کی ہوبہو نقل کر لیا کرتے تھے۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ مہدی حسن کو ان کی زندگی ہی میں نظرانداز کردیا گیا تھا جس کا وہ بہت شکوہ کیا کرتے تھے۔ ظاہر ہےکہ جب اصل ہی کی قدر نہ تھی تو نقل کو کون پوچھتا۔۔؟
فلم تیرے پیار میں (2000)
اداکار شان کا منفرد ریکارڈ
ہدایتکار حسن عسکری کی ایک اور اردو فلم تیرے پیار میں (2000) تھی جس میں شان اور زارا شیخ نے مرکزی کردار کئے تھے۔ ان کے کریڈٹ پر یہ واحد ڈائمنڈجوبلی اردو فلم تھی جبکہ شان ، پاکستان کی فلمی تاریخ کے واحد ہیرو ہیں کہ جن کی اردو اور پنجابی فلموں نے ڈائمنڈ جوبلیاں منائی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اب تک کی یہ آخری اردو فلم ہے جس نے سو ہفتے چلنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا لیکن کچھ حلقے پنجاب نہیں جاؤں گی (2017) کو بھی ایک ڈائمنڈ جوبلی فلم کہتے ہیں۔
حسن عسکری کی دیگر اردو فلموں میں سے ایک فلم جینے کی سزا (1979) بھی تھی جس میں سلطان راہی کو مکمل ہیرو کے طور پر پیش کیا گیا تھا لیکن اردو فلم بینوں نے قبول نہیں کیا تھا۔
ایسی ہی ایک فلم آگ (1979) تھی جو ٹین ایجز پر بنائی گئی تھی اور جس میں بابرہ شریف کے ساتھ اپنے نوعمر بھانجے اداکار اشعر کو کاسٹ کیا گیا تھا جو اس وقت آٹھویں جماعت میں پڑھتا تھا۔ محمدعلی ، شاہد اور سلطان راہی کو کاسٹ کرنے کے باوجود فلم کسی بڑی کامیابی سے محروم رہی تھی۔ اس فلم میں اے نیر کا گیت “میں تو جلا ایسا جیون بھر جیسے کوئی دیپ جلا ہوگا۔۔” بڑا مشہور ہوا تھا۔
سلمیٰ آغا کی پہلی پاکستانی فلم ہم اور تم (1985) کے ہدایتکار بھی حسن عسکری تھے۔ یہ آدھی فلم پنجابی زبان میں تھی۔ فلم بے قرار (1986) میں انوررفیع کا یہ گیت بڑا مقبول ہوا تھا “میری وفا ، میرے وعدوں پہ اعتبار کرو ، ملن قریب ہے ، تھوڑا انتظار کرو۔۔” فلم تلاش (1986) میں ندیم کے مقابل ایک ترکی اداکاری نازاں سانچی کو متعارف کروایا گیا تھا۔
حسن عسکری کی اردو فلم نجات (1987) میں مسعودرانا ، ناہیداختر اور ساتھیوں کا یہ کورس گیت بڑے اعلیٰ پائے کا تھا “اس دنیا میں پیارے ، ہم سب قیدی ہیں ، اپنی اپنی قید کاٹ کے سب کو جانا ہے۔۔” فلم میں یہ گیت اظہارقاضی ، سری لنکن اداکارہ سبیتا اور ساتھیوں پر فلمایا گیا تھا۔ ان کی ایک
فلم سونے کی تلاش (1987) میں ایک مصری اداکارہ فائزہ کمال کو اسماعیل شاہ کے مقابل کاسٹ کیا گیا تھا۔ فلم خزانہ (1995) بھی ایک اچھی فلم تھی۔ حسن عسکری کی آخری اردو فلم دل پرائے دیس میں (2013) صرف پانچ دنوں بعد سینما سے اتار لی گئی تھی جس میں ہما علی اور سمیع خان نے لیڈ رولز کیے تھے۔
داستان پشتو (2014)
حسن عسکری کی آخری فلم تھی
حسن عسکری نے اپنے فلمی سفر کا آغاز بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیا، جبکہ بطور ہدایت کار ان کی پہلی فلم خون پسینہ تھی جو 1972ء میں ریلیز ہوئی۔
فلمی صنعت کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغۂ حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔
حسن عسکری اگرچہ آج ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کی یادگار فلمیں پاکستانی سینما کی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔ آمین۔
