باپ،بیٹی حادثے کے بعد چل بسے مگر نتاشا بری ہوگئی۔۔۔

باپ بیٹی حادثے کے بعد چل بسے۔ جس نے حادثے کے بعد تمام کیمروں میں دیکھ کر انگلی دکھائی تھی وہ بری ہوگئی۔ آج کیس کا دوسرا باب بھی مکمل ہوگیا۔۔
کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزمہ نتاشا کو اب امتناع منشیات ایکٹ کے تحت درج مقدمے سے بھی بری کر دیا گیا ہے اور یوں دو سال سے جاری اس ہائی پروفائل کیس کا ایک اور باب مکمل ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سٹی کورٹ کراچی نے استغاثہ کی جانب سے الزام ثابت نہ ہونے پر ملزمہ کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کیا۔ سماعت کے دوران وکیل صفائی نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ کیمیکل ایگزامینر اور بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹس میں کہیں بھی ملزمہ کے خون میں آئس یا کسی اور منشیات کی تصدیق نہیں ہوئی۔ دفاعی وکیل نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس نے ملزمہ سے حاصل کیے گئے نمونوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اور تفتیشی افسر نے جان بوجھ کر بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ منظرعام پر نہیں آنے دی۔ پولیس کی جانب سے موقف دیا گیا کہ ملزمہ کے خلاف تھانہ بہادر آباد میں مقدمات درج تھے۔
حادثہ کیسے پیش آیا؟
یہ معاملہ اگست 2024 میں اس وقت شروع ہوا جب نتاشا نامی خاتون کراچی کی کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے 60 سالہ عمران عارف اور ان کی 22 سالہ بیٹی آمنہ کو کچل کر ہلاک کر بیٹھیں جس میں مزید تین افراد زخمی بھی ہوئے۔ ابتدائی رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ پہلے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں ایک دوسرا حادثہ بھی پیش آیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے جمع کرائے گئے چالان میں ملزمہ کے برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کو بھی ناقابل قبول قرار دیا تھا جبکہ ایک سی سی ٹی وی فوٹیج فرانزک تصدیق کے لیے پنجاب بھجوائی گئی تھی۔ اس کیس میں مقدمے کے ساتھ ساتھ پولیس نے 1979 کے حد آرڈیننس کی دفعہ 11 کے تحت منشیات کا ایک الگ مقدمہ بھی درج کیا۔
دیت کے ذریعے قتل کیس سے بریت!
4 ستمبر 2024 کو کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پہلے نتاشا کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کی جبکہ ملزمہ کی ضمانت کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کیا گیا۔ دو دن بعد یعنی 6 ستمبر کو مقتولین کے ورثا اور ملزمہ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا اور سیشن عدالت نے دیت کے قانون کے تحت ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض نتاشا اور ان کے شوہر کی ضمانت منظور کر لی۔
تاہم یہ ‘معافی’ شروع ہی سے متنازع رہی۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس وقت الزام لگایا تھا کہ کارساز حادثے میں معافی دلوا کر قصاص و دیت کے قانون کا ایک بار پھر غلط استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی طاقتور کسی کمزور کو نقصان پہنچائے اور پھر اس کی غربت کا فائدہ اٹھا کر اس کی ‘قیمت’ لگا دی جائے تو شریعت اس کی اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے اس معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
بالآخر 26 اکتوبر 2024 کو کراچی سٹی کورٹ نے متاثرہ خاندان کے حلف ناموں کو قبول کرتے ہوئے نتاشا کو قتل کے مقدمے سے مکمل طور پر بری کر دیا۔
منشیات کے مقدمے میں طویل قانونی جنگ
جہاں قتل کے مقدمے میں معاملہ نسبتاً جلد نمٹ گیا وہیں منشیات کے کیس میں ملزمہ کو کہیں زیادہ مشکلات کا سامنا رہا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ اور سیشن عدالت دونوں نے اس مقدمے میں ضمانت کی درخواستیں الگ الگ مسترد کیں۔ ملزمہ کو بالآخر ستمبر 2024 کے آخر میں سندھ ہائی کورٹ سے ریلیف ملا جہاں جسٹس کریم خان آغا نے 10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی۔ اس سماعت میں ملزمہ کی وکالت سینیئر قانون دان فاروق ایچ نائیک نے کی۔
اس کے بعد کیس کا ٹرائل تاخیر کا شکار رہا اور رپورٹس کے مطابق حادثے کو ایک سال مکمل ہونے کے بعد ہی یعنی ستمبر 2025 میں امتناع منشیات ایکٹ کے مقدمے کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہو سکا۔ اس دوران عدالت نے منشیات کے استعمال سے متعلق ایک اور فوجداری مقدمے میں بھی دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اب تقریباً دو سال بعد سٹی کورٹ کراچی کے فیصلے کے ساتھ نتاشا کے خلاف درج دونوں بڑے مقدمات قتل اور منشیات دونوں میں بریت مکمل ہو چکی ہے۔
یہ کیس شروع سے ہی پاکستان میں دیت کے قانون کے استعمال، بااثر افراد کے خلاف انصاف کے نظام اور تفتیشی عمل کی شفافیت پر بحث کا موضوع بنا رہا۔ تو بس کیا ہی مزید کہہ سکتے ہیں جب قانون نے بری کر دیا سو ٹھیک ہے۔۔۔
ڈسکلیمر:
یہ معلومات آن لائن ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں اور صرف اور صرف معلوماتی مقاصد کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ اس پوسٹ کا مقصد کسی فرد، ادارے، نظریے یا واقعے کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا یا کسی مخصوص نقطۂ نظر کی تائید کرنا نہیں۔ قارئین و سامعین سے گزارش ہے کہ وہ اس مواد کو اپنی صوابدید اور فہم کے مطابق دیکھیں
