Viral Globe

The stories the internet can’t stop sharing

Urdu

لیجنڈری اداکارہ فردوس کو فلمی دنیا میں کامیابی کیسے ملی؟

ہیر رانجھا‘ کی داستان ابتدا ہی سے پنجاب کے فلم سازوں اور ہدایتکاروں کی ایک پسندیدہ داستان رہی ہے۔ یہ داستان پنجابی زبان کے عظیم شاعر وارث شاہ نے تحریر کی تھی۔ اس داستان پر بننے والی پہلی فلم ‘ہیر رانجھا‘ 1932 میں تیار ہوئی تھی اور یہ لاہور میں تیار ہونے والی پہلی متکلم فلم تھی۔

Advertisement

یہ فلم اے آر کاردار نے بنائی تھی اور اس میں ہیر کا مرکزی کردار انور بیگم اور رانجھا کا کردار رفیق غزنوی نے ادا کیا تھا۔ اس کے بعد اس موضوع پر کئی اور فلمیں بنیں جن میں اے آر کاردار ہی کی ‘دل لگی‘، نذیر کی ‘ہیر‘ اور جعفر شاہ بخاری کی ‘ہیر سیال‘ کے نام شامل ہیں۔

سوائے پہلی فلم کے یہ سب فلمیں کامیاب تو ہوئیں مگر کوئی بھی وارث شاہ کی اس عظیم داستان کو اس طرح پردہ سیمیں پر منتقل نہ کرسکا کہ یہ ہمیشہ کے لیے امر ہو جائے۔ 1970 میں فلم ساز اعجاز درانی نے مسعود پرویز کے اشتراک سے ‘ہیر رانجھا‘ بنانے کا اعلان کیا۔ انھوں نے ہدایات کے لیے مسعود پرویز، موسیقی کے لیے خواجہ خورشید انور اور فلمی تشکیل، گانوں اور مکالموں کے لیے احمد راہی کا انتخاب کیا اور پھر وہ شاہکار وجود میں آیا جو آج نصف صدی سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد بھی فلم بینوں کے دلوں پر نقش ہے۔

اس فلم میں سات گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا مگر ملکہ ترنم نور جہاں سب پر بازی لے گئیں۔ یہی وہ فلم تھی جس سے فردوس اور اعجاز درانی کے معاشقے کا آغاز ہوا۔ فردوس ہیر کا کردار پہلے بھی ایک فلم میں ادا کرچکی تھیں مگر اعجاز درانی اور مسعود پرویز نے ان کی صلاحیتوں سے اس طرح استفادہ کیا کہ آج بھی ‘ہیر رانجھا‘ ان کی زندگی کی سب سے یادگار فلم تسلیم کی جاتی ہے۔

فردوس کا اصل نام پروین تھا مگر علی سفیان آفاقی نے لکھا ہے کہ وہ کوثر کے نام سے مشہور تھیں۔ وہ 4 اگست 1947 کو لاہور کی ہیرا منڈی میں پیدا ہوئی تھیں۔ رقص و موسیقی کی تربیت انھیں ورثے میں ملی، وہ ایک نسبتاً کم گو اور سنجیدہ مزاج کی لڑکی تھیں۔

اس زمانے کے دستور کے مطابق فلم ساز اور ہدایت کار نئے چہروں کے تلاش میں ہیرا منڈی کے چکر لگاتے رہتے تھے۔ اس بازار سے وابستہ لڑکیوں پر انہیں بہت زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی تھی کیونکہ وہ رقص اور موسیقی سے بخوبی واقف ہوتی تھیں۔ ایسے ہی ایک فلم ساز بابا قلندر تھے جو اپنی نئی فلم کی ہیروئن کی تلاش میں ہیرا منڈی پہنچے تھے۔ وہاں انھوں نے پروین کے بالا خانے پر ان کا رقص دیکھا تو انھوں نے انھیں اپنی پنجابی فلم ‘محلے دار‘ میں بطور ہیروئن کام کرنے کے لیے منتخب کرلیا۔

پروین نے بھی برائے نام معاوضے پر اس فلم میں کام کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔ پروین پر چند نغمے فلم بند ہوئے مگر یہ فلم مکمل نہ ہوسکی۔ اسی دوران پروین پر فلم ساز کیو ایم زمان اور ہدایت کار منشی دل کی نظر پڑی جنہوں نے انھیں اپنی فلم ‘گل بکاؤلی‘ میں ایک چھوٹے سے کردار کے لیے منتخب کرلیا۔ یہ فلم 27 اکتوبر 1961 کو نمائش پزیر ہوئی۔ ‘گل بکائولی‘ ناکامی سے دوچار ہوئی تو پروین بھی پس پردہ چلی گئیں۔

کچھ عرصے بعد انڈیا سے آئے ہوئے مشہور شاعر، مصنف اور ہدایت کار نخشب نے ایک فلم ‘فانوس‘ بنانے کا اعلان کیا۔ انھوں نے اس فلم میں ایک چھوٹے سے کردار کے لیے پروین کا انتخاب کیا۔ یہ فلم تمام تر پبلسٹی کے باوجود بری طرح ناکام ہوئی اور پروین ایک مرتبہ پھر گمنام ہوگئیں۔

Advertisement

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *